بھٹکل 17 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل کی قدیم مساجد میں سے ایک مشما مسجد میں 40 سال تک امامت کے فرائض انجام دینے والے مولوی ابوبکر اکرمی المعروف سائب آپا خلفو اتوار دیر رات انتقال کرگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی عمر 82 سال تھی۔
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مرحوم مولوی محمد اسماعیل اکرمی عرف دھاکلو بھاو خلفو کے فرزند مولوی سائب آپا خلفو، پورے بھٹکل میں معروف تھے۔ آپ امامت کے ساتھ ساتھ 40 سال تک غسال کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دی۔ مرحوم مشما مسجد میں امامت کے ساتھ ساتھ مسجد کی صاف صفائی اور باغ میں پانی ڈالنے کا کام بھی خود اپنے ہاتھوں سے انجام دیتے تھے۔ بھٹکل میں کسی بھی شخص کے انتقال پر فاتحہ خوانی پڑھنے اور میت کی آخری رسومات ادا کرنے سمیت اپنےمخصوص انداز میں لا إله إلا الله، محمد رسول الله کا ورد کرتے ہوئے میت کو قبرستان لے جانے کے دوران سب سے آگے چلتے تھے اور تدفین مکمل ہونے تک دُعائیہ کلمات کے بعد ہی واپس لوٹتے تھے۔ آپ کے دعا پڑھنے کا انداز دوسروں سے یکسر مختلف تھا۔
آپ نے مدرسہ لطیفیہ ویلور میں اور مدراس کے سر قاضی حبیب اللہ (مرحوم) سے دینی تعلیم حاصل کی ۔ آپ ایک مخلص عالم دین ہونے کے ساتھ اسلاف کے نقش قدم پر چلنے والے نہایت ہی نیک اور ملنسار انسان تھے۔
آپ نے اپنے پیچھے دو بیٹوں اور چار بیٹیوں کو چھوڑ کر مختصر سی علالت کے بعد اتوار رات اپنے خالق حقیقی کی آواز پر لبیک کہہ گئے۔
پیر بعد نماز ظہر خلیفہ جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔ اللہ آپ کی بھرپور مغفرت فرمائے، آپ کی خدمات کو قبول فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین